Narendra Modi, Netanyahu and 'Copy of Timo': Bilawal Bhutto's statement about the Indian Prime Minister which is also being criticized
نریندر مودی، نتن یاہو اور ’ٹیمو کی کاپی‘: بلاول بھٹو کا انڈین وزیراعظم کے بارے میں وہ بیان جسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے
’بلاول بھٹو کو معلوم ہونا چاہیے کہ ٹیمو سستی کاپی نہیں ہوتی اگرچہ انھوں نے مودی پر درست تنقید کی اور اُن کا موازنہ نتن یاہو سے کیا۔‘
انڈیا اور پاکستان کے بیچ چار روزہ کشیدگی ختم ہونے کے باوجود دونوں ممالک میں سفارتکاری اور بیانات کا سلسلہ اب بھی نئے تنازعات کو جنم دے رہا ہے۔ حال ہی میں پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جو امریکہ میں پاکستانی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں، کا ایک بیان بھی اسی تناظر میں سامنے آیا جسے سوشل میڈیا پر کچھ لوگ سراہ رہے ہیں تو دوسری جانب چند لوگ اس پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔
اس بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جنھوں نے خود بھی حال ہی میں ایک متنازع بیان دیا جس میں پاکستانی عوام کے بارے میں بات کرتے ہوئے ’گولی‘ کا لفظ بھی استعمال کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ بلاول نے مودی پر تنقید کی ہو۔ اس سے قبل 2022 میں جب بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ تھے، تب انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کوتنقید نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’اسامہ بن لادن مر چکا ہے لیکن گجرات کا قصائی‘ آج انڈیا کا وزیر اعظم بن کر بیٹھا ہے۔‘
انڈیا کی حکومت نے بلاول بھٹو کے اس بیان کو ’غیر مہذب‘ قرار دیا تھا جبکہ انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں حکمران جماعت بی جے پی کے ایک مقامی رہنما نے اعلان کیا تھا کہ وہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا سر قلم کرنے والے کو دو کروڑ روپے کا انعام دیں گے۔
